کورونا کی پہلی لہر کے 85 کروڑ روپے نجی اکائونٹس میں رکھنے کا انکشاف

242

لاہور (آن لائن) محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ پنجاب اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کی جانب سے کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے فنڈ طلب کرنے پر محکمہ خزانہپنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ دونوں محکموں سے کوروناکی پہلی لہر کی مد میں جمع ہونے والی 85 کروڑ روپے کی رقم کی واپسی کا حکم دے دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ صحت سے ملحقہ مذکورہ دونوں محکموں نے کورونا وائرس کی مد میں موصول 85 کروڑ روپے کورونا کے خاتمے کے اقدامات پر خرچ کرنے کے بجائے نجی کمرشل بینکوں میں موجود اپنے ذاتی اکائونٹس میں جمع کروادیے تھے۔ محکمہ خزانہ کے احکامات پر صحت سے ملحقہ دونوں محکموں کا کہنا ہے کہ نجی بینکوں میں افسران کے ذاتی اکائونٹس میں موجود رقم کو فوری طور پر واپس نہیں کیا جاسکتا لہٰذا محکمہ خزانہ کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلیے مزید فنڈ جاری کرے۔