نوجوان ملک و قوم کا مستقبل اور قیمتی سرمایہ ہیں،ذکراللہ مجاہد

185

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا مستقبل اور قیمتی سرمایہ ہیں۔ بدقسمتی سے ملک کے فرسودہ نظام اور سفارشی کلچر کی وجہ سے پڑھے لکھے نوجوانوں بے روزگاری کی وجہ سے مایوس ہوکر جرائم اور منشیات کی طرف مائل ہورہے ہیں جو ملک و قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن راؤی میں جے آئی یوتھ کے نئے شامل ہونے والے نوجوانوں کے اعزاز میں ہونے والی ” شمولیتی تقریب” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سیکرٹری جے آئی یوتھ پاکستان شاہد نوید ملک،صدر اینُ ایل ایف لاہور عدنان ملک سمیت نوجوانوں نے شرکت کی۔ تقریب میں امیر ضلع لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے نئے آنے والے نوجوانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی یوتھ کے نوجوان ملک کے نوجوانوں کیلیے رول ماڈل ہیں جو ملک میں قرآن و سنت کے نظام کیلیے ہونے والے جدوجہد میں ہراول دستہ کا کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ اور سابقہ ادوار کے حکمرانوں نے چہرے اور پارٹیاں تبدیل کرکے ملک کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلیے کوئی اقدامات نہیں کیے اور ملک کے نوجوانوں کو بری طرح مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ نوجوانوں کو اپنی اہمیت اور مقصد زندگی کا حقیقی شعور دینے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کررہی ہے۔ جے آئی یوتھ کے نوجوانوں اسلامی انقلاب کے لیے متحرک ومنظم اپنی جدوجہد آگے بڑھائیں۔ اسلامی انقلاب قرآن وسنت کا نظام ہی نوجوانوں اور ملک کو تمام مسائل سے نجات دلاسکتا ہے۔