ڈسکوز کا بجلی کے ٹیرف میں 86 پیسے اضافے کا مطالبہ

270

اسلام آباد(کامرس ڈیسک )واپڈا کی مختلف ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کے پاس 1500 سے 1600 میگا واٹ کے نئے کنکشن کے لیے لگ بھگ ساڑھے 7 لاکھ درخواستیں زیر التوا ہیں کیونکہ صارفین کو اپریل-جون 2020 کے دوران 85 ارب کے استعدادی چارجز (capacity charges) کے حساب سے ٹیرف میں 86 پیسے فی یونٹ اضافے کا سامنا ہے۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی طرف سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ٹیرف میں 86 پیسے فی یونٹ اضافے کے لیے مختلف ڈسکوز کی جانب سے دائر درخواست پر عوامی سماعت ہوئی، نیپرا نے ڈسکوز کے ذریعے پیش کردہ اعداد و شمار کی تصدیق کے لیے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا جو عوامی سماعت کے اختتام تک تبدیل ہوتا رہا۔نیپرا کے افسران نے وضاحت کی کہ اس شرح کے لیے ٹیرف میں اضافہ 70 پیسے فی یونٹ کے لگ بھگ ہوگا کیونکہ گزشتہ سہ ماہی کے لیے موجودہ 15 پیسے فی یونٹ استعدادی چارجز کی میعاد جلد ہی ختم ہوجائے گی۔