صنعتی علاقے کی چورنگیوں کو تباہ نہ کیا جائے، سلیم الزماں

258

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے کہا ہے کہ کورنگی صنعتی علاقے میں نجی کمپنیوں کی تزئین و آرائش کردہ چورنگیوں پر کارروائی کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہیں اس حوالے سے اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ صدر کاٹی نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور کمشنر کراچی افتخار شالوانی فوری طور پر اس یکطرفہ اور خلاف ضابطہ کارروائی کا نوٹس لیں۔ صدر کاٹی سلیم الزماں نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی درخواست پر تزئین و آرائش کے لیے کاٹی کے کہنے پر کورنگی صنعتی علاقے کے صنعتکاروں نے ان چورنگیوں کی سرپرستی کی ذمہ داری لی اور تزئین و آرائش کرکے شہر کی خوبصورتی میں اپنا کردار ادا کیا، اس کے لیے صنعتکاروں نے کروڑوں روپے کا سرمایہ لگایا اور ماہانہ لاکھوں روپے ان کی دیکھ بھال پر خرچ کرتے ہیں۔ سلیم الزماں نے کہا کہ اس کارروائی کے لیے جس فیصلے کو بنیاد بنایا گیا ہے اس کے مطابق عوامی مقامات پر اشتہار کاری سے روکا گیا ہے جب کہ ان چورنگیوں پر کی گئی تزئین و آرائش تشہیر کے زمرے ہی میں نہیں آتیں۔