کینو کا برآمدی ہدف ساڑھے تین لاکھ ٹن مقرر

302

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے رواں سیزن کینو کی ایکسپورٹ کا ہدف 3لاکھ 50ہزار ٹن مقرر کردیا ہے۔ کینوکی ایکسپورٹ گزشتہ سال تین لاکھ ٹن رہی تھی رواں سیزن کینو کی ایکسپورٹ سے 21 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا، کینو کی ایکسپورٹ یکم دسمبر سے شروع ہوگئی ہے، رواں سیزن کینو کی پیداوار کا اندازہ اکیس لاکھ ٹن لگایا گیا ہے۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق یکم دسمبر سے کینو کی ایکسپورٹ شروع ہوگئی ہے پاکستان میں رواں سال کینو کی پیداوار اکیس لاکھ ٹن رہی ہے تاہم اس میں ایکسپورٹ کے معیار کے مطابق پیداوار بہت کم ہے 75فیصد پیداوار بی اور سی گریڈ کی ہے جسے ایکسپورٹ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کینو کے باغات ساٹھ سال پرانے ہیں جو بیماریوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے پاکستانی کینو کی جلد پر داغ دھبوں اور نشانات کی بیماری عام ہے جس کی وجہ سے اس کی ظاہری خوبصورتی متاثر ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ ایکسپورٹرز نے یورپ کو کینو کی ایکسپورٹ پر از خود پابندی عائد کررکھی ہے۔