انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا

278

کیپ ٹائون(جسارت نیوز) انگلینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی جنوبی افریقا کو9وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔انگلش ٹیم نے192رنز کا ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ مرد میدان ڈیوڈ ملان نے11 چوکوں اور5 چھکوںکی مدد سے99رنزاور جوز بٹلر نے67رنز بنائے اور دونوں ناٹ آئوٹ رہے۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20 اوورز میں3 وکٹوں کے نقصان پر 191رنز بنائے۔ ریسی فان ڈیر ڈوسان اور فاف ڈو پلیسز کے ناقابل تسخیر 74اور 52رنز کی مدد سے تین وکٹوں پر 191رنز بنائے جبکہ ٹیمبا بفوما نے بھی 32رنز کا اضافہ کیا۔ بین اسٹوکس 2وکٹیں لے سکے تھے۔جواب میں انگلش ٹیم نے ڈیوڈ ملان اور جوز بٹلر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، انگلش ٹیم نے دوسری وکٹ پر 167رنز کی ریکارڈ شراکت کی مدد سے اس گرائونڈ پر سب سے بڑے ہدف تک رسائی کو ممکن بنایا۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں مین آف دی میچ کا اعزاز پانے والے ڈیوڈ ملان نے 99رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔