زرداری کیخلاف پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر ریفرنسز کی سماعت 9دسمبر تک ملتوی

325

اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر ملزمان کے خلاف پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنسز کی سماعت 9دسمبر تک ملتوی کر دی۔ بدھ کے روز پارک لین ریفرنس کی سماعت کے دوران آصف علی زرداری ، عبد الغنی مجید سمیت دیگر ملزمان کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا، اس موقع پر حسین لوائی، طحہ رضا ، اقبال نوری سمیت دیگر ملزمان اڈیالہ جیل سے عدالت لایاگیا جبکہ نیب کے گواہ احسن اسلم دستاویزات کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، احسن اسلم کا بیان جاری رہا جو مکمل نہ ہوسکا اور عدالت نے سماعت9 دسمبر تک ملتوی کردی۔ ادھر ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر عرفان بولا ،گواہان عمران محمود علی رضا پیش ہوئے، عدالت نے آصف زرداری کی ایک روز حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی، اس موقع پر آصف زرداری کے وکلا نے نیب گواہ عمران محمود کے بیان پر جرح نہ کرنے کافیصلہ کیا، بیرسٹر شہزاد راجپر نے کہاکہ نیب گواہ عمران محمود کے بیان پر جرح نہیں کرنا چاہتے، عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیاجس کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پرنیب پراسیکیوٹر کی دوسرے کیس میں مصروفیت کے باعث عدالت پیش نہ ہوسکے،جس پر عدالت نے سماعت9دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔آئندہ سماعت پر نیب گواہ عمران محمود پر شریک ملزمان کے وکلا جرح کریں گے۔