اسرائیل سے تعلقات کیلیے سوڈان کی نئی شرط

708
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی اور بحرینی وفود مذاکرات کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر بنیامین نیتن یاہو اور زاید بن رشید الزیانی کے درمیان ملاقات کی ہے

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان کی خودمختاری کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے کہا ہے کہ اگر امریکی کانگریس سوڈان کو قانونی چارہ جوئی سے استثنا دینے والے قانون کی منظوری نہیں دیتی، تو سوڈان اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے کا فیصلہ واپس لے لے لگا۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق پومپیو نے وعدہ کیا کہ آیندہ ہفتوں میں کانگریس استثنا کے قانون کی منظوری دے دے گی۔ اخبار کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ سوڈان اور اسرائیل کے مابین معاہدے کی کوششیں کررہی ہے۔ اس حوالے سے امریکی حکومت وائٹ ہاؤس میں دستخط کی سرکاری تقریب کا منصوبہ بھی بنا رہی ہے۔ تاہم کانگریس میں سوڈان کے لیے استثنا پر بحث جاری ہے۔ دوسری جانب بحرین نے قابض صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دو طرفہ سرکاری دوروں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ منگل کے روز بحرینی وزیر تجارت وصنعت اور سیاحت زاید بن راشد الزیانی کی قیادت میں ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد اسرائیل کے بن گورین ہوائی اڈے پر اترا۔ بحرینی وزیر نے اسرائیلی وزیر علاقائی تعاون اویر اکونیز سے ہوائی اڈے پرملاقات کی۔ بحرینی وزیر نے بدھ کے روز اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو، وزیر تجارت ومعیشت امیر پیریز اور وزیر خارجہ گبی اشکنازی سے بھی ملاقات کی۔ وفد میں بحرین کی کئی اقتصادی اور سرمایہ کار کمپنیوں کے عہدے دار اور بینکوں کے ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کا ملک بحرین کے ساتھ کئی اقتصادی معاہدوں پر دستخط کرے گا۔ بحرینی وفد کے دورے کا مقصد سیاحت اور اقتصادی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کرنا ہے۔ ادھر اسرائیلی فٹ بال ایسوسی ایشن نے اماراتی فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرے گی۔