مسلم لیگ نے عمران خان کو استعفے کے لیے13دن کی مہلت دیدی

141

سیالکوٹ( آن لائن )مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو13دن کا الٹی میٹم ہے اور وہ اس الٹی میٹم کا وقت پورا ہونے سے قبل استعفا دے دیں،اسی میں ان کی بہتری ہے ،پی ڈی ایم کا جس طرح ملتان جلسہ ہوا ،اسی طرح اب وزیر اعظم کو گھر تو جانا ہی پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ جس طرح وزیر اعظم عمران خان کو یہ سمجھ آگئی تھی کہ جلسہ تو ہوکر رہے گا اور اب وہ ملتان کے جلسے کو بخوبی سمجھ جائیں اور گھر واپس چلے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر وزیر اعظم 13دن میں مستعفی نہ ہوئے تو پھر ان کو بتائیں گے کہ انہوںنے گھر کیسے جانا ہے۔انہوںنے کہا کہ گوجرانوالہ کے جلسے سے لے کر ملتان کے جلسے تک فسطائی ووٹ چور حکومت نے پی ڈی ایم کا ہر جلسہ روکنے کی ناکام کوشش کی جبکہ حکومت کو ہر بار منہ کی کھانا پڑی۔ انہوںنے کہا کہ آٹا چینی چور حکومت کی ہر کوشش عوام کے سمندر نے ناکام بنادی ہے اور عوام اب پی ڈی ایم کے ساتھ ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آپ بہت جلد دیکھیں گے کہ عوام کا ایسا سمندر امڈ کر آئے گا جو آپ کی ووٹ چورظالم حکومت کو بہا کر لے جائے گا۔ عوام آپ پر عدم اعتماد کرچکے اور ووٹ چور حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں بلکہ 13دن میں آپ نے قوم کا فیصلہ نہ مانا تو عوامی سمندر آپ کے جعلی اقتدار کے لیے سونامی ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی عدالت نے آپ کی رخصتی کا حکم لکھ دیا ہے اور پی ڈی ایم اس پر عمل درآمد کرائے گی۔