حکومت اکثریت کھوچکی‘ لاہور جلسے میں رکاوٹ پرجواب دینگے‘ پی ڈی ایم

307

لاہور (آن لائن) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد کے راستے میں ہوں گے تو یہ حکومت چلی جائے گی‘ اس حکومت کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے‘ 13دسمبر کو لاہور میں شیڈول جلسے کے لیے اہم فیصلے اور حکمت عملی مرتب کر لی ہے‘حکومت اپنی عددی اکثریت بھی کھو چکی ہے‘ ہم ان کا سیاسی میدان میں مقابلہ کریںگے‘پی ڈی ایم آئین کے مطابق صاف و شفاف انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے‘ہم حکومت کو ہٹانے کیلیے کوئی غیرآئینی طریقہ اختیار نہیں کر رہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری، پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظور، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر میر کبیر سمیت دیگر رہنمائوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ احسن اقبال کی زیر صدارت ہونے والے پی ڈی ایم کے اجلاس میں لاہور کے جلسے کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔ رانا ثنا اللہ خان نے اجلاس کے بعد بتایا کہ 13دسمبر کو مینار پاکستان گرائونڈ میں بہر صورت جلسہ ہو گا‘ ملتان میں پی ڈی ایم کے کارکنوں پر پولیس تشدد کے ردعمل میں عوام سڑکوں پر نکلے تو حکومت غائب ہو گئی‘ہمیں امید ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے جلسے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی لیکن اگر رکاوٹ ڈالی گئی تو اس کے نتیجے میں کسی تصادم کی ذمے داری حکومت پر ہو گی۔ ا نہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم آئین کے مطابق صاف و شفاف انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے‘ ہم اس حکومت کو ہٹانے کے لیے کوئی غیرآئینی طریقہ اختیار نہیں کر رہے‘جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی فنڈ ریزنگ نہیں کی‘ فنڈ اکٹھے کرنا اس وزیراعظم کا کام ہے‘اس نے فنڈ دینے والوںکو آٹا، ادویات اور چینی پر اربوں روپے کی ڈکیتی کی صورت میں نوازا‘ آج کے حکمرانوں نے جتنی ساری عمر منشیات پی ہے وہ میرے اوپر ڈال دی ہے‘ عمران خان پر جلد کیس بنے گا‘ سونامی ٹری ایک ہی کیس عمران خان سے لے کر فردوس عاشق اعوان تک سب کے لیے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اداروں سے مطالبہ ہے کہ اپنی آئینی حدود میں کام کریں‘ ہمارا کسی ادارے سے کوئی جھگڑا نہیں ‘ نواز شریف نے ادارے کے جوانوں کو سلام کیا ہے ۔ مولانا عبدالغفور حیدر ی نے کہا کہ اب ڈنڈے کے جواب میں ڈنڈا استعمال کیا جائے گا‘ ہمارے کسی جلسے میں قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا گیا اور لاکھوں لوگ پرامن رہے ‘ملتان میں جو شرمناک حرکتیں ہوئیں‘ ایسا کسی آمر کے دور میں بھی نہیں ہوا تھا‘ حکومت مولانا فضل الرحمن کی گرفتاری کا شوق بھی پورا کر لے‘ حکومت کو خوف ہے کہ کہیں ہم اسلام آباد کا رخ نہ کر لیں‘ ہم اسلام آباد کا رخ کریںگے۔ چودھری منظور نے کہا کہ یہ حکومت اپنی عددی اکثریت بھی کھو چکی ہے‘ ہم ان کا سیاسی میدان میں مقابلہ کریںگے‘ ایک فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آ جائے تو سب کلیئر ہو جائے۱ گا۔