فخری زادہ کے قتل کا مناسب وقت پر بدلہ لیں گے‘ ایرانی قونصل جنرل

192

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایرانی قونصل جنرل احمد محمدی نے کہا ہے کہ ایران کے دشمنوں کی طرف سے سائنس دانوں کے قتل کی کوششیں 2010ء سے جاری تھیں‘ محسن فخری زادہ کا قتل اسی سلسلے کی کڑی ہے ‘شہید فخری زادہ نہ صرف ایک ایٹمی سائنسدان تھے بلکہ انہوں نے سائنسی ریسرچ جیسا کہ کورونا ٹیسٹ کٹس اور کورونا ویکسین کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ایران کی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ترقی میں ان کے عظیم کردار کی وجہ سے ہے‘ ایران کے دشمن20 برس سے انہیں قتل کرنے کے درپے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک دہشت گردی کا واقعہ ہے‘ یہ بزدلانہ اور دہشت گردی بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے‘جائے وقوع پر حاصل کیے گئے جدید اسلحے سے واضح ہے کہ صہیونی حکومت کا شہید فخری زادہ کے قتل میں کردار ہے۔ انہوں نے نیویارک ٹائمزکی خبر پر تشویش کا اظہار کیا جس کے مطابق فخری کا قتل اسرائیل اور امریکا کی مشترکہ کارروائی تھی۔ احمد محمدی کے مطابق صہیونی حکومت اور اس کے کچھ علاقائی اور بین الاقوامی اتحادیوں کی ریاستی دہشت گردی سے ظاہر ہوتا ہے کہ سفارت کاری کا دشمن مایوسی کے شکار ہیں اور اس خطے میں خلل ڈال کر خطے کے امن اور استحکام کو خراب کرنے کا ارادہ رکھتے ہیںاور اس طرح کے اقدام کرکے ٹرمپ کے دور صدارت میں باقی رہ جانے والے مختصر وقت میں علاقائی بحران کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کو ناکام بنا نے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ، اس کا جواب دینے اور اس کے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو سزا دینے کا حق محفوظ سمجھتا ہے اور مناسب وقت پر اس کا جواب دے گا۔