پیٹرول بحران کی تحقیقاتی رپورٹ عام کرنے کیلیے 14 دسمبر تک مہلت

366

لاہور (نمائندہ جسارت) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے پیٹرول بحران اور قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کمیشن کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو رپورٹ پبلک کرنے کے لیے 14دسمبر تک مہلت دیدی۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان نے درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے رپورٹ پبلک نہ کرنے کی صورت میں 14دسمبر کو کمیشن کے سربراہ ابوبکر خدابخش کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن کے سربراہ رپورٹ بند لفافے میں عدالت میں جمع کرائیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ پیٹرول بحران اور قیمتوں میں اضافے سے متعلق تحقیقات مکمل ہوچکی ہے، رپورٹ پبلک کرنے کے لیے کابینہ کو بھجوادی ہے۔ چیف جسٹس قاسم خان نے کہا کہ حکومت تو شفافیت کی بات کرتی ہے، وزیراعظم تو کہتے ہیں ہر ایشو کی رپورٹ پبلک ہونی چاہیے پھر یہ کیوں نہیں ہوئی؟۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ کابینہ کے منگل کے روز ہونے والے اجلاس میں رپورٹ ایجنڈا کا حصہ نہیں تھی ، آئندہ کابینہ کے اجلاس میں رپورٹ پیش کرینگے۔