پولیس کے لیے ایس اوپیز مشکل کاباعث بن گئیں

263

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورونا کی صورتحال میں پولیس کے لیے ایس او پیز مشکل کا باعث بن گئیں،ملزمان کی گرفتاری سے تفتیش اور جیل کے حوالے کرنے تک کی ایس او پیز مشکل ہوگئیں، کورونا کی صورتحال میں سندھ پولیس کے لیے بھی الگ سے ایس او پیز جاری کی گئی ہیں۔ ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ ایس او پیز کے تحت ملزمان کو گرفتار کرنے کے موقع پر اہلکاروں کے لیے ماسک اور سینی ٹائزر لازم قرارہے،گرفتار ملزم کے لیے بھی ماسک اور احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے ،ملزمان سے تفتیش کے دوران اہلکاروں اور ملزمان کے درمیان مناسب فاصلہ ایس او پی کا حصہ ہے ، گرفتار ملزمان کی جیل حوالگی سے قبل کورونا ٹیسٹ بھی لازم قرار دیا ہے ،کسی ملزم کی بیماری نزلہ زکام کی صورت میں بھی ٹیسٹ کی شرط لاگوہے،پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی کے بعد دہرے عذاب میں مبتلا ہو جاتی ہے۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ رات کے اوقات میں ایس او پیز کے مطابق فوری طور پر میڈیکل ٹیسٹ اور دیگر مراحل مشکل ہوجاتے ہیں۔