جدید ٹیکنالوجی نے دعوت کاکام آسان بنادیا، حسین احمد

125

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نائب امیرجماعت اسلامی ضلع گلبرگ حسین احمدمدنی نے کہا ہے کہ انسان کواللہ تعالیٰ نے تمام مخلوقات پرعلم کی فضیلت عطاکی ہے، اور اس علم کی روشنی میںرب کی بندگی اور رضاکاحصول انسان کی زندگی کامقصد ہے، انسان کواللہ تعالیٰ نے زمین پر اپنانائب بناکر بھیجاہے، تاکہ اللہ کی زمین پر اللہ کانظام نافذوغالب کرنے کافریضہ احسن طریقے پر انجام دے۔ انہوںنے کہا کہ جدید ذرائع ابلاغ اور ٹیکنالوجی نے دعوت الی اللہ کے کام کوآسان بنادیاہے،فتنوںکے سدباب کے لیے اپنی صلاحیتوںکو بھرپورطریقے سے استعمال کرنے کی ضروت ہے، تاکہ بہترین اسلامی فلاحی معاشرہ تشکیل دیا جاسکے،کاٹن سوسائٹی میںنجیب احمدخان کی رہائش گاہ پر’’فریضہ احکامات دین اورہماری ذمے داری‘‘کے موضوع پرخطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کارکنوںکواچھے اخلاق اورکردار کے ذریعے لوگوںکے دلوں پر دستک دینے کی ضرورت ہے، ہم کوروناسے پیدا مشکل ترین صورت حال میںبھی بہترین انداز میں اقامات دین کاکام جاری رکھ سکتے ہیں۔سرد موسم کی مناسبت سے شرکاکی تواضع گرماگرم سوپ اور دیگر لوازمات سے کی گئی۔