نوازشریف اور زرداری پر اللہ کا عذاب آیا ہوا ہے‘یہ ہمارے لیے عبرت ہیں‘ وزیراعظم

487
گلگت: وزیراعظم عمران خان گلگت بلتستان کابینہ کی حلف برداری تقریب سے خطاب کررہے ہیں

گلگت(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ نوازشریف اور زرداری پر اللہ کا عذاب آیا ہواہے اور یہ ہمارے لیے عبرت ہیں۔وزیراعظم بدھ کو ایک روزہ دورہ پر گلگت بلتستان پہنچے جہاں انہوں نے گلگت بلتستان کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور زرداری کو 30 سال سے جانتا ہوں، یہ جھوٹ بول کر کبھی لندن اورکبھی دبئی جاتے ہیں، کسی کو کیا پتا تھا پاناما سے ان کے محلات سامنے آ جائیں گے، چوری چھپتی نہیں ہے، ایک جھوٹ کو چھپانے کے لیے 100 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں،اس پیسے کا کیا فائدہ جو آپ کا اور آپ کی اولاد کی تباہی کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کے بچوں کو بھی جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے، حرام کا پیسہ انسان کو تباہ کر دیتا ہے، تمام بیماریوں کی جڑ ذہنی دباؤ ہے، اگرآپ کو ذہنی دباؤ دیکھنا ہے تو گزشتہ روز سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی کی شکل دیکھ لیتے۔عمران خان کے مطابق کورونا میں لوگ مر رہے ہیں لیکن پی ڈی ایم جلسے کر رہی ہے، چوری بچانے کے لیے جلسے کیے جا رہے ہیں۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ گلگت بلتستان حکومت نئی روایات قائم کرے گی، سب سے پہلے گلگت بلتستان کی صوبائی حیثیت پر کام کریں گے، نئے سیٹ اپ پر تفصیل سے کام ہوگا،کمیٹی بٹھائیں گے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کوئی وزیراعظم ایسا نہیں جس نے مجھ سے زیادہ اس علاقے کو دیکھا ہو، یہاں کے تمام مسائل کو جانتا ہوں، جس رخ پر گلگت بلتستان کو ڈالیں گے عوام کی زندگی بدل جائے گی۔عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں احساس پروگرام لے کر آ رہے ہیں، فی خاندان 10لاکھ روپے تک علاج کرایا جا سکے گا جب کہ گلگت بلتستان میں سیاحت پر پورا زور لگانے والے ہیں، سیاحت کے فروغ کے لیے سستے قرضے دیں گے، گلگت بلتستان سی پیک کے راستے میں ہے، اس لیے یہاں پہلا خصوصی اقتصادی زون بنائیں گے۔وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں 3منصوبوں کا افتتاح کیا جب کہ ہمالیہ اور نانگاپربت کو نیشنل پارک بنانے کا اعلان کیا۔