پی ٹی آئی مصیبت کی صورت عوام پر مسلط ہے، سراج الحق

487
بہاولپور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سابق ضلعی امیر محمد اشرف کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صورت میں ایک مصیبت عوام پر مسلط ہے۔ حکمران ٹولے نے لاکھوں لوگوں سے روزگار چھین لیا۔ غریب زندہ رہنے کے لیے خوراک خرید سکتاہے نہ دوائی ۔ لینڈ ، ڈرگ ، شوگر اور آٹا مافیا کا راج ہے اور عوام بے بس ۔ گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں بھی عوام پر ظلم ہورہاتھا ، اب پی ٹی آئی کے دور میں بھی وہی داستان جاری ہے ۔ جاگیرداروں اور استعمار کے نمائندوں نے چولستان کو غیر ملکی شہزادوں کے حوالے کردیاہے جبکہ چولستان کا اپنا شہزادہ اور شہزاد ی خوراک اور پینے کے پانی کے لیے ترس رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے’’ چولستان بچائو ریلی‘‘ کے شرکا سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ 850 دن میں عوام کو غربت ، بے روزگاری ، مہنگائی کے تحفے دیے اور سابق حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کومزید اضافے کے ساتھ جاری رکھا ۔ انہوںنے کہاکہ اسٹیٹس کو کے نمائندوں ، جاگیرداروں اور استعمار کے ایجنٹوں نے ملک کو دیوالیہ کردیاہے ۔ عوام بے بس اور مجبور ہیں نہ وہ آٹا چینی خرید سکتے ہیں اور نہ ان کے پاس دوائی خریدنے کی سکت ہے ۔ حکمران طبقے نے گزشتہ 70 سال میں عوام کو تعلیم اور علاج کی سہولتوں سے محروم رکھا ، چولستان اور جنوبی پنجا ب کے دیگر علاقے اس کی بڑی مثا ل ہیں ۔یہاں لینڈ مافیا کے وارے نیارے جبکہ چھوٹا کسان کسمپرسی کا شکار ہے۔ ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی پر جاگیردار قابض ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ چولستان میں ہر دوسرے تیسرے سال قحط سے بے شمار جانور مر جاتے ہیں ۔ عالمی ادارے ایک ہاتھی کو بچانے کے لیے پاکستان سے ہزاروں میل دور لے جاتے ہیں لیکن ہماری اپنی حکومت لاکھوں جانوروں کے لیے پانی کا انتظام کرنے سے قاصر ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہزاروں لوگ بھوک اور پیاس سے بلک رہے ہوتے ہیں لیکن یہاں کا جاگیردار اور وڈیرہ عیاشی کر رہاہوتاہے ۔ چولستان ترقیاتی ادارے کے نام پر اربوں روپے کے فنڈز کو حکومتی نمائندوں نے ہڑپ کرلیاہے ۔ علاقہ غیر ملکی شہزادوں کے حوالے کردیا جبکہ چولستان کے رہائشی شہزادہ اور شہزادی خوراک اور پینے کے پانی کے لیے ترس رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ وقت آگیاہے کہ ان ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کی جائے اور ملک کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنایا جائے ۔ جماعت اسلامی اسی منزل کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ چولستان ترقیاتی ادارے کے فنڈز کا شفاف آڈٹ کروایا جائے اور چولستان کو الگ ضلع بنایا جائے ۔ بعد ازاں سینیٹر سراج الحق نے سابق امیر جماعت اسلامی ضلع بہاولپور ڈاکٹر اشرف کے لیے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کی دینی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔تعزیتی ریفرنس سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، امیر ضلع بہاولپور سید ذیشان اختر اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ڈاکٹر اشرف نے پوری زندگی جماعت اسلامی کے اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے بھر پور جدوجہد کی ۔ انہوںنے علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔انہوںنے اس بات کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنی تحریک جاری رکھے گی اور اس کے دوسرے فیز کا آغاز کچھ روز بعد گوجرانوالہ سے ہو گا ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کورونا کی وبا کے دوران لوگوں میں ماسک اور سینی ٹائزر تقسیم کر رہی ہے اگر حکومت بھی عوام کو وبا سے بچانے میں سنجیدہ ہے تو وہ بھی ایسا کرے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی چہرے نہیں نظام بدلنے پر یقین رکھتی ہے ۔ عوام کو مہنگائی و بے روزگاری اور نالائق حکمرانوں کے چنگل سے نجات دلاکر دم لیں گے ۔