ملتان میں جس نے قانون کو للکارا، اس کے خلاف مقدمہ درج ہوا، فردوس عاشق

502

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہےکہ ملتان میں جس نے قانون کو للکارا، اس کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے اور ہم نہیں چاہتے تھے کہ معصوم شہری اپوزیشن کی خواہشات کی بھینٹ چڑھ جائیں۔

تفصیلات کے مطابق  ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع تھی کہ ملتان میں پولیس کے روکنے پر کارکنوں نے ڈنڈے برسانا تھے اس لیے  حکومت نے فراخدلی اور فہم و فراست سے کام لیا اور آئینی سہولت کاری کی۔

معاون خصوصی کا کہناتھا کہ جلسے کی اجازت کیلئے درخواست نہیں آئی ہے اور جب درخواست آئے گی اس کے بعد حکومت حکمت عملی سامنے لائے گی تاہم یہ بات طے ہے کہ عوام کی جان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ ایس او پیز کا عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور عدالتی احکامات یقینی بنانے کیلئے اپوزیشن سے پہلے ڈائیلاگ کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ڈائیلاگ کس سے کریں گے ابھی جلسہ منتظمین سامنے نہیں آئے ہیں جبکہ مزدور کے حقوق کا تحفظ بزدار حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور سوشل سیکیورٹی اسپتال میں ناصرف مزدور عام شہری بھی مستفید ہوسکیں گے۔

دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا ہے کہ مزدور طبقے کو حکومت نے صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کافیصلہ کیا ہے۔