شہری کورونا سے بچنے کیلیے ہر ممکن اھتیاط کریں ، ڈاکٹر صدیق

369

 

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ نے اسپتال کے عملے، مریضوں اور ان کے تیمارداروں اور خاص طورپر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی موذی وبا سے بچنے کیلیے جس حد تک ممکن ہے احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر انتہائی خطرناک ہے اس لیے اس سے خود بھی بچیں اور اپنے اہل خانہ اور شہریوں کو بھی بچائیں۔ وہ کورونا وائرس کے حوالے سے بنائے گئے آئیسولیشن وارڈ، آئی سی یو، ایچ ڈی یو سمیت دیگر وارڈوں کے دورے کے موقع پر وہاں ڈاکٹروں، نرسنگ و پیرامیڈیکل اسٹاف اور عام شہریوں سے بات چیت کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو، اے ایم ایس پیرا ڈاکٹر شوکت علی لاکھو، ڈائریکٹر آئی سی یو ڈاکٹر کاشف میمن، چیف پتھالوجسٹ ڈاکٹر اسلم سعید میمن اور دیگر بھی موجو دتھے۔ انہوں نے کہاکہ اسپتال اور اس کے باہر تمام شہریوں کی ذمے داری ہے کہ وہ سماجی فاصلوں کا خیال رکھتے ہوئے چہرے پر ماسک کا استعمال لازمی کریں اور خاص طورپر اسپتال میں زیر علاج اور طبی معائنے کیلیے آنے والے مریض اور ان کے تیمارداروں پر یہ لازم ہے کہ چہرے پر ماسک لگائیں اور سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کیلیے خصوصی طورپر ڈاکٹرز ، نرسنگ و پیرامیڈیکل اسٹاف کی بھی مزید بھرتی کیا جارہا ہے۔ تاکہ مریضوں کو حتی الامکان طبی سہولیات مزید بہتر کی جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ اسپتال میں استعمال ہونے والا کچرا اور فضلہ ڈسٹ بین میں ڈالا جائے اور اس کچرے کو بروقت تلف کیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کے وائرس کے پھیلنے کے امکانات نہ رہ سکیں۔ اس کے علاوہ اسپتال میں کسی بھی قسم کی سگریٹ نوشی ، مین پوری ، گٹکے اور پان کے کھانے پر بھی سخت پابندی عائد کی گئی ہے اور اس کے استعمال کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔