ٹھٹھہ،مکلی ہیڈکوارٹر میں پانی کی قلت، 5 دنوں سے فراہمی معطل

327

ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)مکلی ہیڈ کوارٹر میں ایک با پھر پانی کی شدید قلت 5 دنوں سے پانی کی سپلائی معطل، محکمہ پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ اور ٹائون کمیٹی مکلی انتظامیہ نے آنکھوں پر پٹیاں باندھ لیں ۔مکلی ہیڈکوارٹر میں گزشتہ 5 دنوں سے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی مکلی سوسائٹی،ناریجو گوٹھ،حیدری چوک، مکلی ہاشم آباد کالونی نزد پوسٹ آفس،شاہ لطیف کالونی مکلی،علی مراد درس اور دیگر علاقوں میں پانی مکمل بند ہے۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کروڑوں کا بجٹ رکھنے والا محکمہ پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ نے مکلی چھچھ ناری نہر پر جو لاکھوں روپے کی ناقص مشینری اور پمپس لگائے تھے ان میں سے صرف ایک موٹر بچی ہے باقی سب ناکارہ ہوگئی ہیں جبکہ مہینے قبل ہی نئی مشینری منگوائی گئی تھی جبکہ مکلی فلٹر پلانٹ سے مکلی کے پوش ایریا کی بھی مشینری بارہا خراب رہتی ہے جس سے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں پانی کی قلت کی شکایات پر اسلام آباد سے واٹر کمیشن بھی ٹھٹھہ مکلی کا دورہ کرکے دو دفعہ جا چکا ہے اور سختی سے ہدایات بھی جاری کیں تھیں کہ عوام کو میٹھا شفاف پانی مہیا کیا جائے مگر واٹر کمیشن کا حکم بھی ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا اور آج تک عوام کے پانی کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔ مکلی ہیڈکوارٹر میں 5 روز سے پانی بند ہے اور عوام کی داد فریاد سننے والا کوئی نہیں اور محکمہ پبلک ہیلتھ ٹھٹھہ اور ٹائون کمیٹی مکلی انتظامیہ نے آنکھوں پر پٹی باندھی ہوئی ہے۔