پاکستان اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا دھرنا ، ریلوے ٹریک بلاک

517

کراچی:پاکستان اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دے دیا، ریلوے ٹریک بلاک ہونے سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیل ملز کے ملازمین نے جبری برطرفی  پر وفاقی حکومت کے خلاف دھرنادیا ہے، جس کے بعد ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر کھڑی ہوگئیں ، جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

دھرنا کے شرکا کا کہناتھا کہ وفاقی وزیر اظہر حماد جھوٹ بول رہے ہیں، ہمیں جبری طور پر برطرف کرکے ہمارے چولہے بندکیے ہیں، ہمیں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ رقم کے بجائے مستقل ملازمت چاہیے۔

واضح رہے کہ ملازمین کے دھرنے کا آج پانچواں دن ہے، دھرنے کی وجہ سے قراقرم ، ایکسپریس،تیزگام اور گرین لائن ٹرین اپنی منزل پر نہیں پہنچ سکی۔

جبکہ دوسری جانب ملیر جماعت اسلامی یوتھ کے نائب صدر نوید قادر نے کہاکہ  اسٹیل ملز کے ملازمین کی جبری برطرفی کےفیصلے کے خلاف ہر فورم پر احتجاج اور آواز بلند کریں گے۔

جے آئی یوتھ کے نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیل مل کی نجکاری اور ملازمین کی برطرفیاں کسی صورت میں برداشت نہیں کی جائیں گی، عمران خان اور پی ٹی آئی کا مقصد ملکی معشیت اور اداروں کو تباہ کرنا ہے۔