اپوزیشن سے تصادم کے حق میں نہیں ، شاہ محمود قریشی

322

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن سے تصادم کے حق میں نہیں ہوں، اپوزیشن جلسے ملتوی کردے تواس کی شان میں کمی نہیں آئے گی۔ اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اپوزیشن قیادت بڑے پن کا مظاہرہ کرے، میں نے اخبار میں پڑھا ہے کہ جماعت اسلامی نے اپنے جلسوں کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے، ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسد عمر نے سکھر میں ایک نشست کی اس کو جلسہ نہیں کہہ سکتے کیونکہ اس نشست میں 300سے بھی کم لوگ تھے۔ وزیرخارجہ نے یہ بھی کہا کہ اسلاموفوبیا پر پاکستان کے موقف کو تائید ملی جبکہ بھارت نے کوشش کی کہ مسئلہ کشمیرکو نہ اٹھایا جائے۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ یواے ای کے ساتھ مستحکم تعلقات ہیں، ویزوں پر مسئلہ سامنے آیا۔