اشتعال انگیز تقریرکیس، فاروق ستار سمیت5 ایم کیو ایم رہنما بری

239

کراچی( آن لائن ) کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کیس کا فیصلہ سنا تے ہو ئے فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن، رؤف صدیقی، وسیم اختر اورقمر منصور کو بری کر دیا ہے۔ملزمان کے خلاف سہراب گوٹھ تھانے میں دو مقدمات درج تھے۔ سرکاری وکیل کی جانب سے ملزمان کو بری کرنے کی مخالفت کی گئی جس کو عدالت نے رد کر دیا۔عدالت نے11جنوری2020 کو ایم کیو ایم کے سابق کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار، سینئر رہنما عامر خان، وسیم اختر، خواجہ اظہار الحسن اور محمد جاوید پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔ 22 اگست 2016 کو ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کی جانب سے پاکستان مخالف تقریر اور میڈیا ہاؤس پر حملوں میں سہولت کاری پر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی اور عامر لیاقت حسین سمیت دیگر پر کراچی کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔ عدالت نے متعدد رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔