سردی میں گیس بحران بھی زور پکڑگیا ،صنعتوں کی بندش کا خطرہ

622

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میںسردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس بحران بھی زور پکڑ گیا ہے ،صنعتی علاقوںمیںگیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث پیداواری عمل تعطل کا شکار ہوگیا ہے جس کے نتیجے میںملکی بر آمدات متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔تفصیلات کے مطابق شہر میں سردی بڑھنے کے ساتھ ہی گیس کی عدم دستیابی بھی شدید صورتحال اختیار کرگئی ہے ،رہائشی علاقوںمیں گیس کی عدم دستیابی کے ساتھ ساتھ شہر کے صنعتی علاقے بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کی صورتحال سے دوچار ہیں،کورنگی،لانڈھی ،سائٹ، سائٹ سپر ہائی وے اور فیڈرل بی ایریا کے صنعتی علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث متعدد فیکٹریوں میںپیداواری عمل معطل ہوگیا ہے ،سائٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالہادی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نرخوںمیں اضافے کے باوجود صنعتکاروں کو گیس فراہم نہیںکی جارہی ہے، وزیراعظم ملکی بر آمدات میںاضافے کا وژن رکھتے ہیں،تاہم اگر صنعتوں کو گیس ہی نہیںملے گی تو ملکی بر آمدات میں اضافہ محض خواب ہی رہے گا، اگر صنعتوں کو گیس کی فراہمی کی صورتحال میں بہتری نہ آئی تو کروڑوں ڈالرز کے بر آمدی آرڈرز منسوخ ہوسکتے ہیں،گیس نہ ملنے کی صورت میںٹیکسٹائل سے وابستہ بر آمدی صنعتیں شدید مشکلات کا شکار ہوگئیں۔