ہم دہشتگردی کی ان تمام اشکال کی مذمت کرتے ہیں، ترک وزارت خارجہ

544

استنبول: ترکی نے ایرانی جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کی ہلاکت کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطے کا امن تباہ ہوگا جبکہ ترک وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں محسن فخری زادے کی مسلح حملے میں ہلاکت پر افسوس ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم اس مکروہ قتل کی مذمت کرتے ہیں جبکہ جاری بیان میں ایرانی حکومت اور مرحوم کے لواحقین کیساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا گیا اور کہا ہے کہ ہم دہشتگردی کی ان تمام اشکال کی مذمت کرتے ہیں جس کا مقصد خطے کا امن تباہ کرنا ہو خواہ اس کے منصوبہ ساز یا اس کا ہدف کوئی بھی ہو۔

یاد رہے ایران کے صف اوّل کے سائنسدان اور جوہری پروگرام کے سربراہ 59 سالہ محسن فخری زادہ کو ایران کے دارالحکومت تہران کے علاقے دماوند (ابسرد) میں جمعے کے روز  حملہ کیا گیا تھا جس کے بعد وہ ہسپتال میں ہلاک ہوگئے تھے۔

ایران نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے سینئر جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ (بابائے ایٹم بم) کی ہلاکت کا بدلہ لے گا جبکہ ایرانی حکام کی جانب سے عندیہ دیا گیا تھا کہ اس معاملے میں اسرائیل ملوث ہے جبکہ اب ایران کے صدر نے اسرائیل پر اس حملے کا براہِ راست الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ حکام مناسب وقت پر اس جرم کا جواب دیں گے۔