ایم کیو ایم رہنما عادل صدیقی انتقال کرگئے

546

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سابق ممبر عادل صدیقی کراچی میں انتقال کرگئے ہیں۔

عادل صدیقی گزشتہ دو روز سے کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھے اور کورونا وائرس میں مبتلا تھے۔

عادل صدیقی کو طبیعت زیادہ خراب ہونے پر 22 نومبر کو ضیاءالدین اسپتال کے آئی سی یو داخل کرایا گیا تھا۔ جہاں ان کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی۔عادل صدیقی پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے۔

عادل صدیقی صوبائی وزیر تجارت بھی رہ چکے ہیں۔عادل صدیقی رواں ماہ کے آغاز میں ہی طویل عرصے بعد وطن واپس آئے تھے۔

ایم کیو ایم کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، فیصل سبزواری اور دیگر نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 40 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 25 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 98 ہزار 24 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 839 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 19 ہزار 35، سندھ میں ایک لاکھ 73 ہزار 14، خیبر پختونخوا میں 47 ہزار 190، بلوچستان میں 17 ہزار 158، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 649، اسلام آباد میں 30 ہزار 123 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 855 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 55 لاکھ 8 ہزار 810 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 302 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 41 ہزار 423 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 46 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 40 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 25 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 991، سندھ میں 2 ہزار 924، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 368، اسلام آباد میں 314، بلوچستان میں 166، گلگت بلتستان میں 97 اور آزاد کشمیر میں 165 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔