حکومت تعلیمی ادارے بند کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے، اسکول مالکان

213

سکھر (نمائندہ جسارت) پرائیویٹ اسکولز مالکان کا تعلیمی اداروں کی بندش کے طلبہ کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ، حکومت کی جانب سے کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح کے باعث 26 نومبر سے تعلیمی ادارے بند رکھنے کے فیصلے کیخلاف سکھر میں پرائیویٹ اسکولز مالکان نے طلبہ کے ہمراہ ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ کرنے سے قبل پرائیویٹ اسکولز مالکان کو اعتماد میں نہیں لیا حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ عجلت میں کیا گیا ہے۔ پرائیویٹ اسکولز کی انتظامیہ کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جارہا ہے لیکن اس کے باوجود اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچے گلیوں اور محلوں میں نہیں بلکہ اسکولوں میں زیادہ محفوظ رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ اسکولز پہلے ہی تباہی کے دہانے پر ہیں اور اس فیصلے سے ان کے لیے مزید پریشانیاں بڑھیں گی۔ حکومت ان کے لیے بھی امدادی پیکیج کا اعلان کرے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اپنے تعلیمی ادارے بند کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور مائیکرو لاک ڈائون کرے تاکہ طلبہ کا تعلیمی نقصان ہونے سے بچ جائے۔