ایک ہفتے کے دوران8پولیس مقابلے،5ڈاکوہلاک

103

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے دوران کی گئی کارروائیوں میں 652 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق گرفتاریاں کراچی کے ایسٹ، ویسٹ، ساؤتھ زونز کے علاوہ اے سی ایل سی نے مختلف کارروائیوں کے دوران کیں،پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 51 کلو سے زائد چرس، 02 کلو 445 گرام ہیروئن اور آئس/کرسٹل برآمد کی۔گرفتار رہزنوںسے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 85 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ مع ایمونیشن اور 2 دستی بم تحویل میں لیکر فارنزک معائنے کے لیے روانہ کردیے گئے۔ گزشتہ ہفتے پولیس کی انسداد جرائم مہم کے دوران 8 مقابلے ہوئے جس میں شہریوں سے لوٹ مار میں ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں 5 ڈاکو ہلاک اور 7 زخمی سمیت 9 ڈاکو گرفتار کیے گئے۔اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی نے شہر کے مختلف علاقوں سے کار/موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث گینگ کے 19 ملزمان گرفتار کیے اور چوری/چھینی گئی 5 موٹرسائیکلیں اور 20 گاڑیاں تحویل میں لے لیں،کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 34 چھینی و چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور 23 گاڑیاں برآمد کیں۔