وفاقی اورصوبائی حکومت نے کراچی کونظرانداز کردیاہے‘مصطفی کمال

109

کراچی ( اسٹاف ر پورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی سے جمع کیے ٹیکس سے چلنے والی وفاقی اور صوبائی حکومتیں پاکستان کی معاشی شہ رگ کو ہر قسم کی بنیادی ضروریات سے محروم کرتی جارہی ہے کیونکہ عوام کی خاموشی سے ظالم اور مضبوط ہوتا جارہا ہے۔ پاک سر زمین پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے پہلے دن سے کوشش کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ آج جو پاکستان کے ایوانوں میں ہیں وہ ہر گزرتے دن کیساتھ کمزور ہو رہے ہیں اور پی ایس پی جس کے پاس آج کچھ نہیں وہ ہر گزرتے دن کیساتھ مضبوط ہوتی جارہی ہے۔ یہ اللہ کی مدد ہے۔جدوجہد کیے بغیر کبھی کامیابی نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ملیر الیاس گوٹھ میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے پاک سر زمین پارٹی پورے پاکستان کی عوام کی نمائندہ جماعت ہے کیونکہ ہم روایتی سیاسی جماعتوں کی طرح مسائل کا رونا نہیں رو رہے بلکہ پاکستان کے تمام مسائل کا قابلِ عمل حل بھی تجویز کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کے کونے کونے سے عوام پاک سر زمین پارٹی کے پلیٹ فارم سے جڑ رہے ہیں۔پاکستان میں نئے سیاسی اور سماجی معاہدے کی ضرورت ہے۔ انتخابی اصلاحات سمیت تمام اہم ترین مسائل کے حل تجویز کیے ہیں جن پر عمل کرنے کے بعد ہی پاکستان صحیح سمت کی طرف گامزن ہوسکتا ہے۔