بنارس میں جرائم میں اضافے پر پبلک ایڈ کمیٹی کا اظہار تشویش

91

کراچی ( پ ر )بنارس فرنٹیئر اور پٹھان کالونی میں سرے عام منشیات فروشی جاری۔علاقہ منشیات کا گڑھ بننے پر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی بنارس کا اظہار تشویش۔صدر پبلک ایڈ و سابق چیئرمین یوسی 14نواز خان نے کہا کہ علاقہ جرائم کا گڑھ بن چکا ہے،منشیات فروش نوجوانوں موت کے منہ میں دھکیل رہے ہیں۔حکومت اور پولیس کی مجرمانہ غفلت کے باعث منشیات فروش اور جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔منشیات فروشی ، ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں کے خلاف فوری اور موثر کاروائی نہیں کی گئی تو مجبوراََ احتجاج کی راہ اختیار کرنا پڑے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک ایڈ علاقہ بنارس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرامن و امان کی ناقص صورت حال کے حوالے سے طلب کیے گئے اجلاس سے صدر جماعت اسلامی یوتھ ضلع غربی انعام الرحمان ،ناظم علاقہ سید سلطان روم اور سابق وائس چیئرمین یوسی 15عبد الجلیل شمسی نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ آئی جی ،ڈی آئی جی اور ایس پی ویسٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی آئینی ذمے داری ادا کرتے ہوئے جرائم کے سدباب کے لیے فوری اور موثر اقدامات اٹھائیں اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔