نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے استعمال ہوا، نفیسہ شاہ

261

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء نفیسہ شاہ اور سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا ہے کہ خورشید شاہ ضمیر کے قیدی ہیں، جسٹس مقبول باقر نے یہ تاریخی فیصلہ سنایا کہ نیب کا دوہرا معیار ہے، نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے استعمال ہوا تھا، امید ہے کہ آنے والے دنوں میں خورشید شاہ کی ضمانت پر فیصلے میں کوئی ریمارکس سامنے آئیں گے۔ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریبوں سے ہمدردی کی بات کرنے والے عمران خان نے رات کے اندھیرے میں اسٹیل مل کے چار ہزار ملازمین کی برخاستگی کے لیے گھر بھیج دیا، ملک کو بھوک اور بے روزگاری کا سامنا ہے؟ انہوں نے کہا کہ آصفہ زرداری ملتان جلسہ سے خطاب کریں گی جبکہ بلاول زرداری ویڈیو لنک سے خطاب کریں گے۔ میاں نواز شریف نے مریم نواز کو اجتماع میں شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سازشوں کے باوجود، پی ڈی ایم اے نے گوجرانوالہ، کوئٹہ اور کراچی میں شاندار ریلیاں نکالیں۔ ملتان کے جلوس کو روکنے کی کوشش کی گئی، عوام کورونا وائرس کے معاملے پر عمران حکومت کے دوہرے معیار سے بخوبی واقف ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ملتان کے قافلوں کو سندھ سے روکنے کی سازش کی جارہی ہے، اگر رک گیا تو ملک کو نقصان ہوگا، ملک میں جمہوریت کی بحالی ہماری اپنی زندگی سے زیادہ اہم ہے۔