سلیکٹڈ حکومت کورونا وباء سے زیادہ خطرناک ہے،ناصر شاہ

506
حیدرآباد: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ لیپ ٹاپ میں بٹن دبا کر صحافیوںکے پلاٹس کی قرعہ اندازی کا آغاز کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات، بلدیات ،ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ ، مذہبی امور ، جنگلات و جنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ 18سلیکٹڈ حکومت کوروناسے زیادہ خطرناک ہے ‘ بدنیت وفاقی حکومت سے بہتری کوئی امید نہیں ہے، وفاقی حکومت پہلے احتساب کے پیچھے چھپ رہی تھی اب کورونا کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے حیدرآباد پریس کلب کی جانب سے صحافیوں کو پلاٹس تقسیم کی تقریب سے قبل میڈیا گفتگوکرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیواور ضلعی صدر صغیر قریشی ودیگر بھی موجود تھے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت گلگت بلتستان کے انتخابات میں جعلسازی کرنے کے بعدحزب اختلا ف پر جلسے کرنے پر پابندی لگارہی ہے، پی ڈی ایم کے جلسوں سے کورونا پھیلتا ہے لیکن یہ خود جلسے کریں تو کورونا نہیں پھیلتا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرملتان
کے یوم تاسیس کا جلسہ نہیں کرنے دیا تو ملک بھر میں یوم تاسیس منایا جائیگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخاباتمیں دھاندلی کے ثبوت موجود ہیں جو عوام کے سامنے آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات سے قبل وفاقی وزراء نے جلسے کیے اور خود وزیر اعظم نے دو جلسے کیے اور اس وقت بھی کورونا اسی شرح کے ساتھ پھیل رہا تھا جس شرح سے آج پھیل رہا ہے مگر شاید انکے جلسوں سے کورونا نہیں پھیلتا ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کے عوام کو ترقی دینے کی بات کی تھی مگر بعد میں جزائر کے معاملے پربد نیتی کا مظاہرہ کیا اور ایک آرڈینینس جاری کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں زیر بحث لانا چاہیے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے کوئی اچھی امید نہیں کر سکتے کیونکہ وہ اچھی چیزوں کو بھی خراب اور متنازع کر دیتے ہیں ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے پہلے مرحلے میں حیدرآباد کے صحافیوں پلاٹوں کی قرعہ اندازی تقریب سے پریس کلب حیدرآباد کے صدر لالہ رحمان سموں ، جنرل سیکرٹری محمد حسین خان ، خالد کھوکھر نے بھی خطاب کیا جبکہ پریس کلب کے سابق صدر محمد شاہد شیخ نے محکمہ اطلاعات حیدرآبادکے ڈپٹی ڈائریکٹر زاہد میمن کے انتقال پردعائے مغفرت کی۔