جھڈو ، اسکولوں کے طلبہ اور عملہ کورونا سے سب زیادہ متاثر

264

 

جھڈو (نمائندہ جسارت) تحصیل جھڈو میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافے کے باعث کورونا کے 26 نئے کیسز رپورٹ، کورونا کے نئے کیسز میں زیادہ تر تعداد گورنمنٹ و پرائیویٹ اسکولوں کے اسٹاف اور طلبہ وطالبات کی ہے، تحصیل جھڈو میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 30 ہوگئی۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق تحصیل جھڈو میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران تیزی سے اضافے کے باعث کورونا کے 26 نئے مریض ظاہر ہوئے ہیں، ایک ہفتہ قبل تحصیل جھڈو کے مختلف سرکاری محکموں و نجی اسکولوں کے 279 افراد کے کورونا ٹیسٹ کے لیے سیمپلز لیے گئے تھے، جن میں چند روز قبل گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں طلبہ اور عملے کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے دو مرد اساتذہ اور گورنمنٹ پرائمری اسکول فقیر شیر محمد بلالانی کے دو اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی تھی، محکمہ صحت کی جانب سے گزشتہ روز جاری لسٹ کے مطابق تحصیل جھڈو میں کورونا کے 26 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جھڈو میں پندرہ کیسز ظاہر ہوئے ہیں جن میں ایک خاتون ٹیچر، مرد کلرک، نائب قاصد سمیت 12 طالبات شامل ہیں، جبکہ صحت مرکز جھڈو میں چار کیسز ظاہر ہوئے ہیں، جن میں ایک خاتون ڈاکٹر سمیت لوئر اسٹاف کے تین ملازم شامل ہیں۔ مریم فاؤنڈیشن اسکول میں کورونا کے پانچ نئے کیس ظاہر ہوئے ہیں، جن میں دو مرد اساتذہ سمیت تین طلبہ شامل ہیں جبکہ راشد منہاس اسکول کی ایک طالبہ اور ایک عام شہری میں بھی کورونا رپورٹ مثبت آئی ہے۔ دوسری جانب تحصیل جھڈو میں کورونا کی جاری دوسری لہر کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافے کے بعد جھڈو کی تحصیل انتظامیہ فوری طور پر حرکت میں آگئی۔ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا عمل شروع ہوگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر جھڈو آصف علی خاصخیلی نے مختارکار جھڈو علی نواز سموں اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹیشن روڈ، محمدی مارکیٹ، شاہی بازار، اولڈ نیشنل بینک چوک سمیت بازاروں اور مارکیٹوں کا ہنگامی دورہ کیا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی میں ملوث دکانداروں پر ہزاروں روپے کے جرمانے عائد کر کے 10 دکانوں کو سیل کردیا، جبکہ کورونا کے مشتبہ مریض کی موجودگی کے باعث وارڈ نمبر سات میں گلی نمبر تین کو تحصیل انتظامیہ نے سینی ٹائز کرنے اور کلورین کا اسپرے کرنے کے بعد مکمل طور پر سیل کردیا۔ اس موقع پر تحصیل انتظامیہ نے سیل کی گئی گلیوں کے مکینوں کو کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔