قومی ٹیم کا دورہ نیوزی لینڈ کو کوئی خطرہ نہیں ،احسان مانی

438

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کا احترام کرتے ہیں تاہم انہیں امید ہے کہ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کو کوئی بڑا خطرہ نہیں ہوگا۔ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں میں سے 6 کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ہم نیوزی لینڈ کرکٹ اور ان کی حکومت کے تحفظات کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ پہنچنے کے فوری بعد کچھ معمولی خلاف ورزیاں ہوئیں، جنہیں سیاق و سباق کے بغیر منظر عام پر لے آیا گیا۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ اس سب کے باوجود میرے نہیں خیال کہ سیریز کو کوئی خطرہ ہے کیونکہ ہمارے کھلاڑی آئیسولیشن کے پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کر رہے ہیں۔احسان مانی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ اور صحت کے حکام کی جانب سے کچھ اس وقت کچھ خلاف ورزیوں کا ذکر کیا گیا تھا جب کھلاڑی آئیسولیشن میں داخل ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس مدت کے دوران وہ ایک دوسرے سے رابطہ میں رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ یہ 22 گھنٹے کا سفر تھا اور کھلاڑی تھوڑی رعایت کے مستحق تھے، بہرحال خلاف ورزیاں ہوئیں اور کسی بھی عذر کے پیچھے چھپنا نہیں ہے۔چیئرمین نے کہا کہ پی سی بی دیگر کھلاڑیوں کو میچ کی تیاری کرنے اور میدان میں آنے کی اجازت دینے سے متعلق نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ رابطے میں تھا۔احسان مانی کے مطابق 6 کھلاڑیوں کے نتائج مثبت آنے کے حوالے سے پی سی بی نے قابل اعتماد لیبارٹری سے کرائے گئے تمام ٹیسٹس کے نتائج نیوزی لینڈ حکومت سے شیئر کیے تھے اور ہو مطمئن ہوگئے تھے۔