قومی جونیئر انڈر 16 کھیلوں کا پشاور میں آغاز ہوگیا

217

پشاور(جسارت نیوز)ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبرپختونخواکے زیراہتمام انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ٹریننگ کیمپ کے بعد جونیئر نیشنل گیمز کا پشاور میں آغاز ہوگیا۔7 ایونٹس میں کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں‘5 ایونٹس پشاور ا سپورٹس کمپلیکس ‘فٹبال طہماس فٹبال ا سٹیڈیم جبکہ بیڈمنٹن کے مقابلے عبدالولی خان کمپلیکس چارسدہ میں جاری ہیں‘ گزشتہ روز پشاور ا سپورٹس کمپلیکس میں اسکواش کے مقابلوں کا افتتاح سیکرٹری ا سپورٹس عابد مجید نے کیا ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل ا سپورٹس خیبرپختونخوا اسفندیار خان خٹک ‘ڈائریکٹر آپریشنز سید ثقلین شاہ‘ڈائریکٹر پراجیکٹس مراد علی مہمند سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘سیکرٹری ا سپورٹس عابد مجید نے ڈی جی اسپورٹس کے ہمراہ عبدالولی خان ا سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں بھی بیڈمنٹن کے مقابلوں کا افتتاح کیا‘سیکرٹری ا سپورٹس عابد مجید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے اور انڈر16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اسی سلسلے کی کڑی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق اور وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایات کی روشنی میں خیبرپختونخوا میں کھلاڑیوں کو کھیلوں کے مواقع اور بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ‘گزشتہ روز بیڈمنٹن کے ٹیم ایونٹس گرلز کے مقابلوں میں بلوچستان اور سندھ کی ٹیموں کو بائی مل گئی‘ٹیم ایونٹ بوائز کے مقابلوں میں خیبرپختونخوا کا مقابلہ بلوچستان سے ہوگا‘ اسکواش کے مقابلوں میں خیبرپختونخوا ‘پنجاب اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ جاری ہے گزشتہ روز قمرزمان ا سکواش کمپلیکس پشاور میں ہونیوالے میچوں میں خیبرپختونخوا کے فہد شریف نے سندھ کے عبدالباسط کے خلاف11-8‘11-5 اور11-7سے کامیابی حاصل کی ‘خیبرپختونخوا کے حماد خان نے سندھ کے انس دلشاد کے خلاف11-4 ‘11-4 اور 11-4 سے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرے میچ میں خیبرپختونخوا کے مطاہر علی نے سندھ کے محمد زمان کے خلاف 11-3‘11-2 اور11-8 سے کامیابی اپنے نام کی پنجاب کو بائی مل گئی‘مقابلوں کے چیف آرگنائزر منور زمان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کے درمیان کانٹے کے مقابلے جاری ہیں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور امید ہے کہ ان مقابلوں سے ہمیں بہترین ٹیلنٹ ملے گا انہوں نے کہا کہ اب تک خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کی کارکردگی بہترین رہی ہے اور کے پی نے تمام میچ جیتے ہیں‘انڈر16 نیشنل گیمز کے سلسلے میں والی بال کے مقابلے گزشتہ روز پشاور میں شروع ہوگئے۔