پی ڈی ایم کا جلسہ، کارکنان تالے توڑ کر اسٹیڈیم میں داخل

612

ملتان : پاکستان موومنٹ ڈیموکرٹیک ( پی ڈی ایم  ) کے کارکنوں نے قلعہ کہنا قاسم باغ میں جلسہ گاہ کا کنٹرول سنبھال لیا،پی ڈی ایم کے کارکنان حکومت کی جانب سے لگائی گئی رکاوٹیں اور دروازے توڑ کر اسٹیڈیم میں داخل ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کنٹینرز اور پولیس اہلکار پی ڈی ایم کے کارکنوں کا راستہ روکنے میں ناکام رہے، ریلی کی صورت میں کارکنان نے تمام رکاوٹیں عبور کرکے جلسہ گاہ کے  لیےانتظامات شروع کردیے ہیں۔

 جمعیت علمائے اسلام کے رہنما عبدالغفورحیدری کا کہنا ہے کہ جمہوری حکومتوں میں جلسہ کے لیے اجازت نہیں صرف اطلاع دی جاتی ہے،حکومت نے رسوا ہونے کے لیے کینٹرز لگاکر راستہ روکنے کی کوشش کی ، جلسہ نہ کرنے کے لیے حکومت مسائل کھڑے کر کے بدمزگی پھیلارہی ہے۔

پی ڈی ایم کے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ 30نومبر تک جلسہ گاہ سے کہیں نہیں جائیں گے، 30نومبر کا جلسہ لازمی ہوگا، مقامی انتظامیہ کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ، جلسہ پرامن طریقے سے کیا جائے گا۔