دورہ نیوزی لینڈ: ایک اور کھلاڑی کورونا کا شکار

419

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتویں کھلاڑی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد پاکستان پر دورہ نیوزی لینڈ منسوخی کے سائے منڈلانے لگے.

نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے 55 رکنی اسکواڈ میں ایک اور رکن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے.

وزارت صحت کے مطابق باقی تمام اسکواڈ کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے ماسوائے ان 6 کھلاڑیوں کے جن کے پہلے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں.

واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے 55 رکنی اسکواڈ کا کرائسٹ چرچ پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں قومی ٹیم کے 6 ارکان کا کورونا مثبت آیا تھا.

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اسکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے دن ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اور جن 6 ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان میں 2 ارکان پہلے بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں.

قومی کھلاڑیوں کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزی پر نیوزی لینڈ کی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ایک اور کورونا ایس او پی کی خلاف ورزی کی تو پوری ٹیم کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا.