کاروباری برادری کے 80 فیصد نمائندے ہمارے ساتھ ہیں ، ایس ایم منیر

544
ایس ایم منیرکاایف پی سی سی آئی الیکشن کے حوالے سے سائوتھ پنجاب میں انتخابی مہم مکمل کرنے کے بعد گروپ فوٹو

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) ایس ایم منیر ، چیئرمین افتخار علی ملک ، سیکرٹری جنرل یو بی جی زبیر طفیل ، مرکزی ترجمان گلزار فیروز نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ یو بی جی قیادت نے اپنی بہترین پرفارمنس سے ،اپنے کردار اور کام کے ساتھ ملک بھر کی کاروباری برادری کا دل جیت لیا اور انہیں ایک چھتری کے نیچے جمع کیا ہے ۔یونائیٹڈ بزنس گروپ رہنمائوں نے کہا کہ 30 دسمبر 2020 کو ہونے والے ایف پی سی سی آئی انتخابات کے لیے یو بی جی نے ایک جامع حکمت عملی تیار کرکے ملک بھر کے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کے دورے شروع کردیے ہیں۔ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان کی 80 فیصد سے زیادہ کاروباری برادری کے نمائندے ہمارے ساتھ ہیں ۔ایس ایم منیر نے ایک بار پھرکہا کہ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے ، ہم صرف سرحدوں پر فوجی جوانوں کی موجودگی اور ان کی قربانیوں کی وجہ سے محفوظ ہیں ، بصورت دیگر ہندوستانی وزیر اعظم مودی کی نیت خراب ہے، پوری قوم پاکستان کے وقار اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ایک جھنڈے کے نیچے کھڑی ہے اورہمیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر فخر ہے۔افتخار ملک نے کہا کہ یو بی جی کی قیادت تاجروں اور حکومت کے مابین ایک مضبوط پل کا کردار ادا کررہی ہے ، کیونکہ کاروباری برادری کا پچھلے پانچ سالوں میں یو بی جی رہنماؤں پر اعتماد ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس میں یو بی جی کی مسلسل پانچ سال کامیابی یونائٹیڈ بزنس گروپ کے رہنماؤں کی مثبت اجتماعی سوچ کا نتیجہ اورحق وسچ کی فتح تھی۔