نعیم بخاری کا پی ٹی وی پراپوزیشن کو کوریج نہ دینے کا فیصلہ غلط ہے

120

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے پاکستان ٹیلی وژن کے نئے تعینات شدہ چیئرمین نعیم بخاری کی جانب سے پی ٹی وی پر اپوزیشن کی کوریج نہ دینے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی وی ایک قومی ادارہ ہے اس پر قومی جماعتوں کی سرگرمیوں اور نقطہ نظر کو پیش کرنے سے انکار کرنا آئین پاکستان اور قانون کی توہین کرنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہاکہ نعیم بخاری نے ماضی میں پرویز مشرف کی وکالت کرکے اعلیٰ عدلیہ کو مفلوج کروا کے ملک کو آئینی بحران میں مبتلا کیا ۔ اب وہ حکومت کی مخالفانہ رائے کے ابلاغ کی مخالفت کر کے جمہوریت کا جنازہ نکالنے لگے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایک ایسا شخص جو صرف وکیل اور اینکر پرسن رہا ہو ، اس کے تجربے کو براڈ کاسٹنگ کا تجربہ قرار دے کر ریاست کے ایک اہم ستون پر متمکن کرنا موجودہ حکومت کی متعصبانہ پالیسی کی دلیل ہے جس کا مقصد آمریت کو فروغ دینا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ 75 سالہ نعیم بخاری کو پہلے کسی اکیڈمی میں تربیت دی جائے تاکہ وہ کسی پارٹی کے مفادات کے بجائے قومی مفاد ات کی نگہبانی کریں۔