جرائم پر قابو پانے کیلیے شرعی سزائوں کا نفاذناگزیر ہے‘حافظ ادریس

129

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ ملک میں فحاشی ، عریانی اور بے حیائی تمام حدیں پھلانگ گئی ہے ۔ معصوم بچوں اور بچیوں کو درندگی کا نشانہ بنا کر قتل کردیا جاتا ہے مگر ریاست اپنا کردار اداکرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔جرائم پر قابو پانے اور مجرموں کو نشان عبرت بنانے کے لیے شریعت کی مقرر کردہ سزائوں پر عمل درآمد ضروری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ حکومت دانستہ طور پر قرآن و سنت کی تعلیمات کی مخالفت کررہی ہے ۔معاشر ے میں جرائم کی شرح ناقابل برداشت ہوچکی ہے ۔اخلاقی جرائم کے ساتھ ساتھ بچوں اور بچیوں کے اغوا ، زیادتی اور قتل کے واقعات نے والدین کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ حکومت میں بیٹھے ہوئے سیکولرازم کے پیرو کار اور مغرب کے ذہنی غلام زیادتی کے مجرموںکو سرعام پھانسی کی مخالفت کرکے معاشرے کو اسی بدامنی اور انتشار کا شکار رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر دوچار جنسی درندوں کو سرعام پھانسی پر لٹکا دیا جائے تو پورے ملک میں ایسے جرائم پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دنیا کو خوش کرنے کے لیے اللہ کی نافرمانی کا رویہ نہیں چھوڑا جاتا اور شرعی سزائوں کو نافذ نہیں کیا جاتا جرائم کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔