دورہ نیوزی لینڈ: قومی اسکواڈ کے دوبارہ کورونا ٹیسٹ

611

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے 55 رکنی قومی اسکواڈ کے دوبارہ کورونا ٹیسٹ لے لیے.

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستانی اسکواڈ نے کورونا کی حفاظتی تدابیر کی تین سے چار خلاف ورزیاں کیں اور قومی اسکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے دن ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جس پر نیوزی لینڈ کی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو آخری وارننگ جاری کردی، نیوزی لینڈ کرکٹ اتھارٹی نے کہا کہ قومی ٹیم نے ایک اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی تو پوری ٹیم کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا.

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی کھلاڑیوں پر صورتحال واضح کردی گئی ہے، نیوزی لینڈ حکومت کی کورونا وائرس سے متعلق زیرو ٹولرینس پالیسی ہے لہذا پروٹوکولز پر سختی سے عمل کریں اور یہ ملکی ساکھ کامعاملہ ہے قرنطینہ میں رہ کرسخت حالات برداشت کرلیں.

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ میں مودود ہے جہاں قومی ٹیم نے دسمبر 2020 اور جنوری 2021 میں نیوزی لینڈ کے ساتھ 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ ٹی ٹوئنٹی میچ 18، 20 اور 22 دسمبر کو آکلینڈ، ہملٹن اور نیپیئر میں ہوں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے تاورنگا میں کھیلا جائے گا۔ جب کہ دوسرا میچ کرائسٹ چرچ میں 3 جنوری سے شروع ہوگا۔

تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستانی وقت کے مطابق دن 12 بجے شروع ہوں گے۔ ٹیسٹ میچز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 4 بجے شروع ہوں گے۔