حیدرآباد،لاپتا افراد کی عدم بازیابی پر اہل خانہ کا احتجاج

113

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ سپا کی جانب سے لاپتا کارکنوں کی آزادی کے لیے کراچی سے شروع کیا گیا لانگ مارچ انعام عباسی، شازیہ چانڈیو، عاقب چانڈیو کی والدہ مختار بیگم، نور باگڑی، نعیم سندھوں، صحافی رزاق، اے ڈی راہموں کی قیادت میں حیدر آباد پہنچا اور حیدر آباد پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال کی۔ اس موقع پر انعام عباسی و دیگر نے کہا کہ ہم آزادی کے لیے کراچی سے نکلے ہیں اور راولپنڈی تک لانگ مارچ کریں گے، ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جبکہ سندھ سے غائب کیے گئے تمام لوگوں کو ظاہر نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل احتجاج کررہے ہیں، اب ایک ہی راستہ بچا تھا کہ ہم جنرل ہیڈ کوارٹر پہنچ کر سندھ سے جبری گم کیے گئے افراد کی آزادی کے لیے احتجاج کریں اور جب تک ہمارے لوگ آزاد نہیں ہوںگے، ہم راولپنڈی میں احتجاج کریں گے، ہم اپنے پیاروں کی آزادی کے لیے ہر محاذ پر جدوجہد کریں گے۔ عاقب چانڈیو سمیت تمام بے گنا افراد کی گمشدگی غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے، جو برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گھروں میں صف ماتم ہے، ہمارے پیاروں کو کچھ پتا نہیں چل رہا، ان بیٹوں کی ماں کس حالت میں ہیں، اس کا کسی کو اندازہ نہیں ہے۔