کراچی چیمبر کی دکانداروں سے دیر سے کاروبار کھولنے کی عادت ترک کرنے کی اپیل

137

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر ایم شارق وہرہ نے دکانداروں اور چھوٹے تاجروں پر زور دیا ہے کہ وہ کاروباری اوقات کو شام 6 بجے سے شام 8 بجے تک بڑھانے کا مطالبہ کرنے کی بجائے دیر سے کاروبار کو کھولنے کی عادت کو ترک کریں کیونکہ اب وقت آگیا ہے کہ صبح سویرے طلوع آفتاب کے وقت ہر طرح کی کاروباری سرگرمیاں شروع کی جائیں تاکہ لوگوں کو کورونا وائرس کے مہلک مرض سے بچایا جاسکے۔یہ بات انہوں نے الائنس آف آرام باغ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے کراچی چیمبرکے دورے کے موقع پر ہونے والے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں الائنس آف آرام باغ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایم آصف گلفام، نائب صدر کے سی سی آئی شمس الاسلام خان، چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز مجید میمن، کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین اور مختلف مارکیٹوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔شارق وہرہ نے کہا کہ کے سی سی آئی کو پوری طرح احساس ہے اور چیمبر کاروباری اوقات میں کمی کے باعث دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کو ہونے والی تمام پریشانیوں اور نقصانات سے بخوبی واقف ہے۔