قومی ہاکی انڈر 16 چیمپئن شپ کا آغاز پشاور میں کل سے ہوگا،ڈراز کا اعلان

508

پشاور(جسارت نیوز) انڈر16بوائز قومی ہاکی چیمپین شپ کے ڈراز کا اعلان کردیا گیا، افتتاحی میچ کل سندھ اے اور پنجاب(سی) کے مابین کھیلا جائیگا. ایونٹ میں12 ٹیموں کو 2 پول میں تقسیم کیا گیاہے.ایونٹ کا فائنل 10 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام یوتھ ہاکی ڈویلپمنٹ ویڑن کے تحت قومی کھیل کی ترقی اور فروغ کے حوالے سے انڈر 16 بوائز قومی ہاکی چیمپین شپ پشاور میں 10 دسمبر تک کھیلی جائیگی۔ اس سلسلے میں ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سید محمد ظاہر شاہ نے ایونٹ کے ڈراز جاری کردیئے۔ پی ایچ ایف یوتھ ہاکی ڈویلپمنٹ ویڑن کے تحت منعقد ہونے والے اس میگا ایونٹ میں پنجاب کی 4 ٹیمیں, کے پی کے، بلوچستان اور سندھ کی2,2 ٹیمیں شرکت کرینگی۔جبکہ اسلام آباد اور آزاد جموں کشمیر کی ایک, ایک ٹیم ایونٹ میں شرکت کررہی ہیں۔ ایونٹ میں شریک ٹیموں کو 2 پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں پنجاب اے، کے پی کے بی، سندھ اے، پنجاب سی، بلوچستان بی اور آزاد جموں کشمیر کی ٹیمویں شامل ہیں جبکہ پول بی میں پنجاب بی, کے پی کے اے، سندھ بی، پنجاب ڈی، بلوچستان اے اور اسلام آباد کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل ہونگی۔ ایونٹ کے افتتاحی روز 3میچز کھیلے جائینگے۔ پہلا میچ کل سندھ اے اور پنجاب سی، دوسرا میچ بلوچستان اے اور اسلام آباد، تیسرا میچ سندھ بی اور پنجاب ڈی کے مابین کھیلا جائیگا۔ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سید ظاہر شاہ نے بتایا کہ ایونٹ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کی جانب سے جاری کردہ فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ کے بغیر کسی بھی کھلاڑی کو ایونٹ میں شامل نہیں کیا جائیگا۔ قومی انڈر 16 ہاکی چیمپین شپ کے سلسلے میں ایونٹ آفیشلز میٹنگ آج لالہ ایوب اسٹیڈیم پشاور میں منعقد ہوگی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن سیکریٹری جنرل اولمپیئن آصف باجوہ کی ہدایات کے مطابق چیمپیئن شپ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں.جبکہ کویڈ 19 سے بچاؤ کے حوالے سے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل در آمد کرنے کی بھی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔