اسکواش فیڈریشن کااجلاس، سندھ اورپختونخوا کے صدور کا انتخاب

302

اسلام آباد(جسارت نیوز)پاکستان اسکواش فیڈریشن کی 47ویں سالانہ جنرل کونسل کا اجلاس جمعرات کو ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان جوکہ پاکستان ا سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں اسکواش کے عظیم کھلاڑیوں کے علاوہ صوبائی اسکواش ایسوسی ایشنز اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ممبران نے بھی شرکت کی۔جنرل کونسل ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور اسکواش کے کھیل کی ترویج کے لئے پاک فضائیہ اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے ایسوسی ایشنزکے ممبران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ با قاعدگی سے تربیتی کیمپوں اور ٹورنامنٹس کے انعقاد کے ذریعے اسکواش کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مختلف اسپانسر شپ اور اسکالر شپ پروگراموں کے ذریعے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔انہوں نے کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہتر نتائج کے حصول کے لیے کھیل پر توجہ دینے اور اپنی ذہنی اور جسمانی استعداد کاربڑھانے کی بھی تاکید کی۔جنرل کونسل نے سال میں پاکستانی کھلاڑیوں کی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔ صدر پاکستان ا سکواش فیڈریشن نے اسکواش کے کھیل کو ترقی دینے کیلئے گراں قدر خدمات سر انجا م دینے پر پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن کو پرائڈ آف پرفارمنس ٹرافی سے نوازا جبکہ خیبر پختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن رنر اَپ کی حقدار ٹھری۔نائب صدور کی تقرری کے لئے بھی اس اجلاس کے دوران انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔