حکومت شام 6 بجے کاکاروباری بندش کا فیصلہ واپس لے ،شیخ حبیب

392

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین شیخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت شام 6 بجے کاروباری بندش کا فیصلہ واپس لے، کسی بھی صورت میں کاروباری اوقات میں کمی مناسب احکام نہیں ہے،اس اعلان سے کراچی کے لاکھوں لوگ متاثر ہوںگے۔ گزشتہ روز تاجر رہنماؤں عبداللہ شاری، جمیل اختر اور دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ حبیب نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے شہر کے تمام تجارتی مقامات پر سب سے زیادہ ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جارہا ہے ،یہی وجہ ہے کہ شہر کے کسی بھی تجارتی مرکز سے کورونا وبا میں اضافے کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت موصول نہیں اور بہترین انتظامات پر تاجروں کی کوششوں کو سراہا ہے تاہم اس کے باوجود کاروباری مرکز کے اوقات کار میں کمی سمجھ سے بالاتر ہے۔ شیخ حبیب نے کہا کہ حکومت رش والے مقامات پر ایس او پیز کی پابندی کرے اور اس حوالے سے تاجر برادری کی جانب سے ہر قسم کا تعاون اور ساتھ دیا جائے گا ۔ اس موقع پر شیخ حبیب نے این سی او سی ،وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت ملک بھر کے کروڑوں تاجروں کے کاروبارکے بقا کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروباری اوقات کار میں کمی کے فیصلے کو واپس لیا جائے اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے لیے تاجر برادری سے مشاورت کی جائے۔