کرپشن کیس: سابق ایم ڈی پی ٹی وی کی درخواست ضمانت نمٹا دی گئی

183

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے پی ٹی وی میں غیر قانونی بھرتی اور خورد برد کیس میں پی ٹی وی کے سابق ایم ڈی یوسف بیگ مرزا کی درخواست ضمانت پر نیب کی طرف سے وارنٹ گرفتاری جاری نہ ہونے کے بیان پر درخواست نمٹا دی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ انکوائری اور تفتیش کرسکتے ہیں مگر بنیادی حقوق کا خیال رکھا جائے۔ گزشتہ روز درخواست گزار کی جانب سے شاہ خاور جبکہ
نیب کی جانب سے بیرسٹر رضوان عدالت میں پیش ہوئے، نیب پراسیکیوٹر بیرسٹر رضوان نے کہا کہ اس کیس میں کوئی وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے، درخواست گزار وکیل نے کہا کہ نیب پراسیکیوٹر عدالت میں تحریری بیان دے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، جس پر چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار کو گرفتار کرنا ضروری ہے؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف غیر قانونی نوکریاں دینے پر تفتیش جاری ہے۔ نیب تفتیشی افسر نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف کیس ہیومن رائٹس کی جانب سے آیا تھا۔ عدالت نے تفتیشی افسرکو ہدایت کی کہ ہیومن رائٹس کے حوالے سے اس کورٹ کا فیصلہ پڑھیں، آپ کسی کے خلاف انکوائری اور تفتیش کرسکتے ہیں مگر بنیادی حقوق کا خیال رکھا جائے، نیب انکوائری اور انویسٹی گیشن کرے مگر نیب کیسز میں اس عدالت کے فیصلے کو مند نظر رکھے، چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کیس سے متعلق آرڈر پاس کرے گی، عدالت نے یوسف مرزا بیگ کی درخواست نمٹا دی۔