گلگت بلتستان اسمبلی: پی ٹی آئی کے سید امجد زیدی اسپیکر منتخب

306

گلگت(صباح نیوز)گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے لیے تحریک انصاف اتحاد کے سید امجد زیدی اسپیکر اور نذیر ایڈووکیٹ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔اسپیکر کے انتخاب میں تحریک انصاف اتحاد کے امیدوار سید امجد زیدی کو 23 میں سے 18 ووٹ ملے، اتحاد کے 4 ووٹ ضائع اور ایک اپوزیشن کے حق میں ڈالا گیا۔اسپیکر کے لیے اپوزیشن اتحاد کے
امیدوار غلام محمد کو 9 ووٹ میں سے 8 ووٹ حاصل ہوئے جن میں سے 2 ووٹ ضائع ہوئے۔ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں تحریک انصاف اتحاد کے امیدوار نذیر ایڈووکیٹ 23 میں سے 22 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے۔اپوزیشن کے امیدوار رحمت خالق کو 9 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ نومنتخب اسپیکر امجد زیدی نے قانون کے مطابق ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ کے لیے آج کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے اور چنا ئو کل ہوگا۔گلگت بلتستان اسمبلی کے ارکان کی مجموعی تعداد 33 ہے تاہم پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر امجد ایڈووکیٹ کی 2 سیٹوں پر جیتنے پر ایک نشست خالی ہو گئی ہے، جس کے باعث 32 ارکان نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے حق رائے دہی استعمال کیا۔