ٹوئٹر نے ویری فیکیشن سروس دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کردیا

364

نیو یارک: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے صارفین کے اکاؤنٹس ویریفائی کرنے کی سروس بحال کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹویٹر کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آئندہ برس سے اکاؤنٹ ویریفکیشن کا سسٹم بحال ہوجائے گا جس کے بعد صارفین درخواستیں دے سکیں گے، ٹویٹر کی جانب سے شائع کیے جانے والے بلاگ میں بتایا گیا ہے کہ سسٹم بحال ہونے کے بعد 6 کیٹگریز کے اکاؤنٹس کو ویری فائی کیا جائے گا۔ ان میں حکومتی عہدیداران، کمپنیاں، برانڈز، غیر منافع بخش ادارے (فلاحی تنظیمیں، ادارے)، نیوز، انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس اور سماجی اداروں سے وابستہ شخصیات سمیت دیگر بااثر صارفین شامل ہیں۔

ٹویٹر نے ویریفائی سسٹم کو بحال کرنے کے حوالے سے نئی پالیسی کا مسودہ شیئر کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ سروس کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار بھی کریں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ وہ صارفین ہی اکاؤنٹ ویریفائی کرنے کی درخواست دے سکتے ہیں جنہوں نے ماضی میں کبھی درخواست نہیں دی اور پروفائل کو مکمل رکھا ہوا ہے۔ یعنی اپنی شناختی تصویر وغیرہ بھی آئی ڈی پر آویزاں کی ہوئی ہو۔