غزہ کی اسرائیلی ناکہ بندی، 10 لاکھ سے زائد فلسطینی سطح غربت سے بھی نیچے آگئے

871

اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے زیر انتظام غزہ کی ناکہ بندی کے باعث 10 سالوں کے دوران 10 لاکھ سے زائد فلسطینی غربت کی سطح سے بھی نیچے آگئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی تجارت اور ترقی سے متعلق کانفرنس (UNCTAD) میں جنرل اسمبلی کو جاری کردہ دستاویز میں 2007 اور 2018 کا احاطہ کیا گیا ہے جس میں غزہ کے اقتصادی بحران اور وہاں کے فلسطینیوں کی ابتر معاشی حالت کا جائزہ لیا گیا۔

اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کے جاری محاصرے کو فوری طور پر ختم کیا جائے جس کے نتیجے میں نصف سے زائد غربت کی شرح میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں کا مکمل خاتمہ ہوسکتا ہے۔
UNCTAD میں فلسطینی عوام کی امداد کے کورڈینیٹر محمود الخفیف کا کہنا تھا کہ  اگر یہ ناکہ بندی جاری رہی تو صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے اندر بیس لاکھ فلسطینیوں کو مقید رکھنے والے اس غیر منصفانہ ناکہ بندی کو فوری طور پر ختم کیا جانا چاہئے۔ انہیں آزادانہ طور پر نقل مکانی کرنے ، کاروبار کرنے ، بیرونی دنیا کے ساتھ تجارت کرنے اور غیر ممالک میں رہائش پذیر اپنے عزیزوں کے ساتھ رابطے کی اجازت دی جائے۔