شہریوں کی ملازمت جعلی ڈومیسائل پر فروخت کی گئیں، راشد خلجی

152

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رکن صوبائی اسمبلی انجینئر راشد خلجی نے کہا ہے کہ سندھ میں شفاف انتخابات ہوں تو پیپلز پارٹی کا خاتمہ ہوجائے گا ۔ حیدر آباد میں حق پرست عوام پیپلز پارٹی کے کردار و عمل سے اچھی طرح آشنا ہیںکہ حق پرست ارکان اسمبلی کے منظور کروائی گئی اسکیمیں تعصب کی بنیاد پرکس طرح حیدر آباد شہر کے باہر منتقل کی
گئیں یہاں تک کہ این آئی سی وی ڈی یونٹ کو بھی شہر سے نکال کر قاسم آباد منتقل کیا گیا ۔ یہ بات انہوں نے حیدر آباد میں صوبائی وزیر سعید غنی کے استقبالیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ،حیدر آباد کے نوجوانوں کے حق کی سرکای ملازمت بھی جعلی ڈومسائل پر فروخت کی گئی اور حیدر آباد شہر سے تعصب رکھنے والے حکمرانوں نے ہمیشہ اے ڈی پی کی اسکیموں میں حیدر آباد و لطیف آباد کو محروم رکھااور عوامی دبائو پر جو حیدر آباد شہر جو کہ 25لاکھ آبادی کا شہر ہے اسے اے ڈی پی میں2.921ٖفیصد حصہ دیا ہے جبکہ دادو ،گوٹکی ،جامشورو ،لاڑکانہ خیرپورودیگر شہروں میں 3سے 8فیصد تک حصہ دیا اور انکی آبادی حیدر آباد شہر سے بہت کم ہے جو انکی تعصبانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے ۔